لاہور، صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے سندس فاؤنڈیشن کا دورہ کیا۔مختلف شعبوں اور لیبز کا معائنہ کیا۔ تھیلیسیمیا کے مریضوں کی خیریت دریافت کی اور تحائف تقسیم کئے۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف اداروں کا جذبہ لائقِ تحسین ہے۔ سندس فاؤنڈیشن میں عالمی معیار کی لیبز دیکھ کر خوشی ہوئی۔ سندس فاؤنڈیشن دکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ہے، حکومت ادارے کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔
چوہدری شافع حسین نے کہا کہ سندس فاؤنڈیشن کی 10 برانچیں دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف ہیں ادارہ اپنے دائرہ کار کو مزید بڑھائے۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہا کہ انسداد سموگ کے حوالے سے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ اس حوالے سے انڈسٹری کو 4 ماہ قبل نوٹسز جاری کردئیے گئے تھے۔ انسداد سموگ کے حوالے سے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے۔ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں، فیکٹریوں اور زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے بھٹوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔
انڈیا میں فصلوں کو جلانے کی روک تھام کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے خط لکھا ہے۔ فصلوں کو جلانے کی بجائے انہیں تلف کرنے کیلئے خصوصی مشینری استعمال کی جائے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ہاؤسنگ سوسائٹیز زرعی زمینوں کی بجائے بنجر زمینوں پر بننی چاہئیں۔
چوہدری شافع حسین نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ امید ہے کہ امریکہ کے نو منتخب صدر جنگ بندی کے حوالے سے اپنے بیان پر عملدرآمد کرائیں گے۔ اسرائیل کے حملوں میں فلسطین کے 40 ہزار سے زائد لوگ شہید ہوچکے ہیں۔ پاکستان کے معاملات میں امریکی مداخلت کے حوالے سے ہمیں دوسروں سے امید باندھنے کی بجائے اپنے معاملات درست کرنے کی ضرورت ہے۔ امریکی حکومت کی اپنی پالیسیز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مہنگی بجلی بنانے والی 5 آئی پی پیز کو بند کیا گیا ہے۔ میں سمجھتا ہوں مہنگی بجلی بنانے والی تمام آئی پی پیز بند ہونے چاہئیں۔ بغیر بجلی بنائے آئی پی پیز کو کیپسٹی چارجز کی ادائیگی کسی صورت مناسب نہیں۔ سندس فاؤنڈیشن کے صدر یسین خان نے ادارے کی ورکنگ بارے آگاہ کیا۔