لاہور، معروف پاکستانی اداکارہ مہوش حیات کی جانب سے شریک حیات میں پائی جانیوالی خوبیاں بیان کی گئی ہیں۔
حال ہی میں اداکارہ مہوش حیات نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں مہوش حیات کی جانب سے نجی زندگی، کیریئر اور شادی سمیت مختلف موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کیا گیا۔
پروگرام کے دوران شادی کے بارے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں خوبرو اداکارہ مہوش حیات کا کہنا تھا کہ بہت سارے رشتے آتے رہے ہیں، پہلے میں صاف انکار کر دیتی تھی اور کہتی تھی کہ ابھی مجھے شادی نہیں کرنی لیکن اب ایسا نہیں ہے۔
مہوش حیات کا کہنا تھا کہ اب میں گزشتہ 2 اڑھائی سال سے شادی کا سوچ رہی ہوں اور میرا خیال ہے اگر اچھا جیون ساتھی مل جائے تو شادی کی جا سکتی ہے، یہ اچھا عمل ہے۔
شوہر میں پائی جانیوالی خصوصیات کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں مہوش حیات کا کہنا تھا کہ میں ایسے شخص سے شادی کروں گی جو سمجھدار ہو، ذہنی طور پر پختہ ہو، تاکہ مجھے بعد میں مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
مہوش حیات کا کہنا تھا کہ شادی کے بعد بھی شوبز انڈسٹری میں کام کرتی رہوں گی، اس لیے ایسے شخص سے شادی کروں گی جو شوبز کو سمجھتا ہو اور بطور اداکارہ میرے کردار کو سمجھ پائے۔