اسلام آباد، وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئی ٹی برآمدات اگلے 3 برسوں میں 25 ارب ڈالر تک پہنچانے کے ہدف کے حصول کیلئے پرعزم ہیں۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے غیر ملکی کمپنی کے چیئرمین کی قیادت میں 5 رکنی وفد کی جانب سے ملاقات کی گئی، ملاقات میں وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزا فاطمہ، علی پرویز ملک اور وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل بھی موجود تھے۔
اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا حکومت ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے کی ترقی و ترویج کے لیے کوشاں ہے، 3 سالوں میں آئی ٹی برآمدات 25 بلین ڈالر تک پہنچانے کے ہدف کے حصول کیلئے کوشاں ہیں، دور دراز علاقوں میں بھی تیز ترین موبائل انٹرنیٹ کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں فائیو جی انٹرنیٹ کی سروسز متعارف کرانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں، فائیوجی سروسز کی بدولت ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن کا حصول ممکن ہو سکے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ کیش لیس اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے حوالے سے ٹیلی کام سیکٹر کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
غیر ملکی وفد کی جانب سے ملک میں حالیہ معاشی استحکام سے متعلق حکومتی کوششوں کی تعریف کی گئی اور کہا کہ پاکستان آئی ٹی و ٹیلی کام کے شعبے میں سرمایہ کاری سے متعلق ایک اہم ملک بن چکا ہے۔