راولپنڈی، سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ 40 دن کا چلہ کاٹا، ساری زندگی اس کا افسوس رہے گا۔
نیشنل میڈیا سے گفتگو کے دوران سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ اس ملک میں نہ کوئی آئین ہے نہ قانون نہ جمہوریت نہ سیاسی ماحول، آج سردار رازق نے جج صاحب کے سامنے میرا کیس لڑا ہے۔
94 گواہوں میں کسی نے مجھے 9 مئی کو نہیں دیکھا، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر غریبوں کیلئے عام معافی کا اعلان کریں، 90 فیصد لوگ بے گناہ ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان کے سب لیڈرز باہر ہیں کیونکہ یہاں اسموگ ہے، ساری قیادت ملک کو سموگ میں چھوڑ گئی ہے، ان کو 1 ڈالر تک نہیں ملا، یہ خود اسموگ میں نہیں رہنا چاہتے۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ آئی ایم ایف والے آ رہے ہیں، اسکولوں میں بچوں کے داخلے کم ہوگئے ہیں، والدین کے پاس داخلہ فیس جمع کرانے کے پیسے نہیں، حکومت پنجاب کو کہوں گا کہ داخلہ فیس معاف کر دی جائے، سیاست ضرور کرتا ہوں، 40 دن کا چلہ گزرا، ساری زندگی افسوس رہے گا۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ جب اللہ کو منظور ہوگا عمران خان کی رہائی ہوگی، اللہ تعالیٰ کو پتہ ہے عمران خان کی رہائی کب ہوگی، پہلے ہی آپ کو کہتا تھا ٹرمپ جیتے گا، یہ سابق وزیراعظم کو جتنا مرضی غیر مقبول کرنے کی کوشش کر لیں، لوگ خاموش ضرور ہیں لیکن ن لیگ اور پیپلز پارٹی عوام میں جگہ نہیں بنا سکی۔