سپریم کورٹ کے ججز کے ہاؤس رینٹ اور جوڈیشل الاؤنس میں اضافہ کردیا گیا۔
قائم مقام صدر پاکستان سید یوسف رضا گیلانی کی منظوری سے جاری صدارتی ترمیمی حکم نامے میں یہ کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے ججز کا ہاؤس رینٹ 68 ہزار روپے سے بڑھا کر 3 لاکھ 50 ہزار روپے کردیا گیا۔
حکم نامے میں یہ کہا گیا ہے کہ جوڈیشل الاؤنس 4 لاکھ 28 ہزار 40 روپے سے بڑھا کر 11 لاکھ 61 ہزار 163 روپے کردیا گیا۔
ہائیکورٹ ججز کا ہاؤس رینٹ 65 ہزار سے بڑھا کر 3 لاکھ 50 ہزار روپے کردیا گیا، جبکہ جوڈیشل الاؤنس 3 لاکھ 42 ہزار سے بڑھا کر 10 لاکھ 90 ہزار کردیا گیا۔
قائم مقام صدر کی منظوری کے بعد وزارت قانون و انصاف نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔
اس وقت سپریم کورٹ میں ججز کی تعداد 17 ہے جب کہ پارلیمان کی جانب سے حال ہی میں پاس کیے گئے قانون کے مطابق سپریم کورٹ کے ججز کی مجموعی تعداد 34 کردی گئی ہے تاہم ابھی تک دیگر 17 نشستوں پر ججز کی تقرری ہونا باقی ہے۔