صدر بننے کے بعد ٹرمپ کی دولت میں کھربوں روپے کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
دوسری بار امریکہ کے صدر منتخب ہونے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کی دولت میں کھربوں روپے کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد وہ امریکی تاریخ کے امیر ترین صدر بن گئے ہیں۔
گزشتہ روز الیکٹڈ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سوشل میڈیا کمپنی ٹروتھ سوشل کی مالیت میں ایک ارب ڈالر ( 2 کھرب ، 77 ارب 83 کروڑ 74 لاکھ روپے ) اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
بلومبرگ بلینیئرز انڈیکس کا کہنا ہے کہ جون 2024 تک ٹرمپ کی دولت 21 کھرب 40 ارب روپے (7 ارب 70 کروڑ ڈالر) ہے، اس سے قبل جان ایف کینیڈی 1 ارب 30 کروڑ ڈالر دولت کے ساتھ امیرترین صدر تھے۔
ٹرمپ گولف کورسز، اعلیٰ رہائشی جائیدادوں، شراب خانے اور 1991 کے بوئنگ 757 کے بھی مالک ہیں جس کا نام ٹرمپ فورس ون ہے، وہ امریکی تاریخ میں واحد صدر ہیں، جن کا دوبار مواخذہ کیا گیا۔
دوسری جانب ڈیمو کریٹک صدارتی امیدوار کملا ہیرس کی جانب سے الیکشن میں شکست تسلیم کر لی گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کملا ہیرس کی جانب سے نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا گیا اور ڈونلڈ ٹرمپ کو الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دی گئی۔