چیئرمین وزیراعلیٰ پنجاب ٹاسک فورس برائے جیل خانہ جات رانا منان خان نے ڈسٹرکٹ جیل گجرات کا تفصیلی دورہ کیا۔
گجرات، چیئرمین وزیراعلیٰ پنجاب ٹاسک فورس برائے جیل خانہ جات رانا منان خان نے ڈسٹرکٹ جیل گجرات کا تفصیلی دورہ کیا، جس میں جیل کے مختلف شعبہ جات، بیرکس، ہسپتال، اور کچن کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ جیل اشتیاق احمد گِل، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل (ADCG) افضل حیات تارڑ، عتیق الرحمنٰ ڈوگہ اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
چیئرمین وزیراعلیٰ پنجاب ٹاسک فورس برائے جیل خانہ جات رانا منان خان نے دورے کے دوران قیدیوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے جیل میں فراہم کی جانے والی سہولیات، طبی خدمات، اور کھانے کے معیار کا جائزہ لیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ قیدیوں کے بنیادی حقوق اور سہولیات کا خاص خیال رکھا جائے۔
انہوں نے ہسپتال میں موجود طبی سہولیات کا بھی تفصیلی معائنہ کیا اور اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی کہ قیدیوں کو مناسب علاج معالجہ مہیا ہو۔
چیئرمین ٹاسک فورس نے جیل کے کچن کا بھی دورہ کیا اور کھانے کی تیاری اور صفائی کے معیار کو چیک کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کھانے کی تیاری میں صفائی اور معیار پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ قیدیوں کو صحت بخش اور معیاری خوراک فراہم کی جا سکے۔
چیئرمین وزیراعلیٰ پنجاب ٹاسک فورس برائے جیل خانہ جات رانا منان خان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جیل عملے کی فلاح و بہبود اور ان کی مشکلات کے حل کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے تاکہ وہ بہترین انداز میں اپنے فرائض سر انجام دے سکیں۔ چیئرمین ٹاسک فورس نے اس بات پر زور دیا کہ جیل کے نظم و ضبط کو بہتر بنایا جائے اور قیدیوں کے ساتھ احترام اور قانون کے دائرے میں رہ کر پیش آیا جائے۔
اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ جیل اشتیاق احمد گِل نے چیئرمین ٹاسک فورس کو جیل میں جاری اصلاحاتی اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی اور جیل کی بہتری کے لیے جاری منصوبوں پر روشنی ڈالی۔
رانا منان خان نے جیل انتظامیہ کو تاکید کی کہ قیدیوں کو ان کے حقوق اور سہولیات کے حوالے سے بھرپور سہارا دیا جائے اور جیل کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔