ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ٹرمپ حکومت آنے سے پاکستان اور امریکا کے تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات اندرونی معاملات میں عدم مداخلت پر مبنی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ حریت رہنما یاسین ملک کی بھوک ہڑتال پر شدید تشویش ہے، حریت رہنما یاسین ملک کو فوری طور پر طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان اور چین سکیورٹی صورتحال بات چیت کر رہے ہیں، وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے چینی سفارت خانے کو چینی باشندوں کی سکیورٹی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ امریکا کے ساتھ جہاں دو طرفہ تعلقات کی بات ہوگی ساتھ چلیں گے لیکن جہاں ضرورت ہوئی بھرپور اختلاف کیا جائے گا۔
امریکی الیکشن پر نجی ٹی وی چینل پر خصوصی ٹرانسمیشن میں گفتگو کے دوران وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ غزہ لبنان اور عراق میں جنگ بندی ضروری ہے اس معاملے پر کوئی بات نہیں ہوسکتی۔