لاہور سمیت پنجاب کے متاثرہ دیگر اضلاع میں ہائر سکینڈری سطح تک کے سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے 17 نومبر تک بند رہیں گے۔
پنجاب کے بڑے شہروں لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ملتان میں اسموگ اور فضائی آلودگی میں مسلسل اضافے کے باعث ہائیر سکینڈری سطح تک کے تمام سرکاری و نجی اسکول 17 نومبر تک بند رہیں گے، جبکہ سرکاری و نجی دفاتر میں نصف عملہ ورک فرام ہوم کے تحت کام کرے گا اور سرکاری میٹنگز آن لائن منعقد ہوں گی۔
پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے اس فیصلے کا اعلان لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کیا، جہاں انہوں نے بتایا کہ اسموگ کی شدت نے خطرناک حد کو عبور کر لیا ہے، جس کے پیش نظر تعلیمی ادارے بچوں کے لئے آن لائن تعلیم کا انتظام کریں گے۔
مریم اورنگزیب نے اسموگ کی بڑھتی ہوئی شرح کا ذمہ دار فصلوں کی باقیات کو جلانے اور پلاسٹک بیگ کے غیرقانونی استعمال کو قرار دیا، اور کہا کہ ان مسائل کے تدارک کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شہریوں کے لیے ماسک کا استعمال اب لازمی کر دیا گیا ہے۔
وزیر نے مزید بتایا کہ بھارتی ریاست راجھستان سے آنے والی ہواؤں نے ملتان اور گوجرانوالہ کو بھی متاثر کیا ہے، اور اسموگ کی شدت آئندہ دس روز تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔ لاہور میں ائیر کوالٹی انڈیکس ایک ہزار سے تجاوز کر چکا ہے۔
مریم اورنگزیب نے اسموگ پر قابو پانے کے لیے ادارہ تحفظ ماحولیات کے آفس میں ایک اسموگ وار روم قائم کرنے کا اعلان کیا، جہاں فضائی آلودگی کو مانیٹر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسموگ سے بچاؤ کے لیے تمام محکموں کو اہداف دیے گئے ہیں۔