پاکستانی کیوئسٹ محمد آصف نے فائنل میں ایران کے ایشین چیمپئن کو شکست سے دوچار کردیا۔
دوحا: پاکستانی کیوئسٹ محمد آصف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری بار عالمی اسنوکر چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا۔ انہوں نے آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں ایران کے ایشین چیمپئن علی گھر غوزلو کو سنسنی خیز مقابلے میں 3-5 سے شکست دے کر یہ اعزاز اپنے نام کیا۔ محمد آصف نے فائنل کے 9 فریمز میں بہترین کارکردگی دکھائی اور اپنی مہارت سے حریف کو بے بس کر دیا، جس کے بعد انہیں تیسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔
محمد آصف نے اس جیت کے ساتھ بھارت کے کیوئسٹ پنکج ایڈوانی کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا، جو تین مرتبہ عالمی ٹائٹل اپنے نام کر چکے ہیں۔ ٹورنامنٹ کے دوران محمد آصف نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 سینچری بریک بنانے کا بھی ریکارڈ قائم کیا۔
انہوں نے سیمی فائنل میں قبرص کے مائیکل جورجیو کو ایک سخت مقابلے کے بعد 3-5 سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔
42 سالہ محمد آصف کا تعلق فیصل آباد سے ہے اور انہوں نے اس سے قبل 2012ء اور 2019ء میں بھی عالمی چیمپئن شپ جیتی تھی۔ سیمی فائنل میں انہوں نے متحدہ عرب امارات کے کھلاڑی محمد شہاب کو 1-4 سے شکست دے کر فائنل فور میں جگہ بنائی تھی۔
پاکستان اسنوکر اینڈ بلئیرڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عالمگیر شیخ اور دیگر عہدے داران نے محمد آصف کو اس عظیم کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ جس طرح ارشد ندیم کو اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر پذیرائی ملی، اسی طرح محمد آصف کو بھی ان کی شاندار کامیابی پر انعامات سے نوازا جائے گا۔