بھارت میں مذہی عقائد کے نام پر عجیب وغریب رسموں اور روایات کا رواج تو عام ہے لیکن اب مندر میں پوجا پاٹ کیلئے آنے والے ہندو اے سی کا پانی بھی پی گئے جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
بھارتی ریاست اُتر پردیش کے شہر متھورا میں بنکے بہاری مندر کے واقعے نے سوشل میڈیا پر لوگوں کو حیران کردیا، جب مندر میں موجود پجاری اور عقیدت مند ہاتھی کے بُت سے ٹپکنے والے پانی کو بھگوان کرشن کے قدموں کا "چرن امرت” سمجھ کر پی رہے تھے۔
واقعے کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لوگ عقیدت سے پانی گلاس یا ہاتھوں میں بھر کر پی رہے ہیں۔ تاہم ایک موقع پر وہاں موجود ایک شخص نے بتایا کہ یہ پانی دراصل مندر کے ایئر کنڈیشنر سے خارج ہوکر بُت کے پاؤں تک پہنچ رہا ہے۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر شیئر کی گئی، جس پر ایک صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا، "واقعی تعلیم کی 100 فیصد ضرورت ہے، لوگ اے سی کا پانی بھگوان کے قدموں کا ‘چرن امرت’ سمجھ کر پی رہے ہیں۔” اس ویڈیو کو اب تک 3.8 ملین سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں، اور کمنٹ سیکشن میں صارفین نے عقیدت مندوں کی کم علمی پر افسوس کا اظہار کیا۔ کچھ لوگوں نے سوال کیا کہ آخر اتنے زیادہ لوگ کیسے یہ سوچ سکتے ہیں کہ بُت سے بہنے والا پانی مقدس ہے؟
سوشل میڈیا پر تبصرے کرنے والے افراد نے اس واقعے کے طبی پہلو کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ ایئر کنڈیشنر کا پانی پینا صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہوسکتا ہے۔ ویڈیو پر تبصرہ کرنے والے صارفین نے تحقیق اور تصدیق کی اہمیت پر زور دیا اور بھارت میں اب بھی اس قدر اندھی عقیدت کو افسوسناک قرار دیا۔