ہم درست سمت میں جارہے ہیں، طویل سفر باقی ہے: وزیر خزانہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ہم درست سمت میں جارہے ہیں تاہم ابھی طویل سفر طے کرنا باقی ہے۔

کراچی میں فیوچر سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ملکی معیشت کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت صحیح سمت میں بڑھ رہی ہے اور ترسیلات زر میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر بھی مستحکم ہیں، تاہم معاشی سفر ابھی طویل ہے اور بہتری کے لیے مزید اقدامات درکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال میں حکومت کریڈٹ ریٹنگ میں بی کی سطح پر پہنچنے کی کوشش کر رہی ہے، جس سے ملکی معیشت میں استحکام آئے گا۔

latest urdu news

وزیر خزانہ نے مرغی اور دالوں کی قیمتوں میں اضافے پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ درمیانی سطح کے افراد عوام کو فائدہ پہنچانے میں رکاوٹ نہ بنیں۔ اس سلسلے میں اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے ہر اجلاس میں قیمتوں کا جائزہ لیا جائے گا اور پرائس کمیٹیز کے ساتھ کوآرڈینیشن بڑھائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے انسانی مداخلت کو کم کرکے کرپشن پر قابو پائے گی اور صنعتوں کو مراعات اہداف کے تحت دی جائیں گی تاکہ معیشت ایک برآمدات پر مبنی نظام کی جانب گامزن ہو۔

متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت رومتی نے بھی فیوچر سمٹ میں شرکت کی اور پاکستانیوں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں نے ہمیں مضبوط انفراسٹرکچر فراہم کیا ہے اور سرمایہ کاروں کا بھرپور خیال رکھنا چاہیے تاکہ دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں۔

News Alert Urdu