امریکی صدر کے انتخاب کیلئے تمام 50 ریاستوں میں ہونے والی پولنگ کے نتائج کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابی معرکہ جیت لیا ہے۔
امریکی صدارتی انتخابات کے نتائج کے مطابق ریپبلکن پارٹی کے ڈونلڈ ٹرمپ نے 277 الیکٹورل ووٹ حاصل کر کے صدارتی معرکہ جیت لیا ہے۔ کل 538 الیکٹورل ووٹس میں سے کامیابی کے لیے 270 ووٹس درکار ہوتے ہیں، جسے ٹرمپ نے عبور کیا، جبکہ ان کی حریف، ڈیموکریٹ پارٹی کی کملا ہیرس، 226 الیکٹورل ووٹس حاصل کر سکیں۔
ایوان نمائندگان کے انتخابات میں ریپبلکن پارٹی نے 188 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے جبکہ ڈیموکریٹس نے 160 سیٹیں حاصل کیں۔ ایوان نمائندگان پر کنٹرول کے لیے کسی بھی پارٹی کو 218 نشستیں درکار ہوتی ہیں، جس کے لیے دونوں جماعتیں آگے بڑھ رہی ہیں۔ سینیٹ میں بھی ریپبلکنز نے 51 نشستیں جیت کر اکثریت حاصل کی ہے، جبکہ ڈیموکریٹس نے 43 سیٹیں جیتیں۔
فتح کے بعد فلوریڈا کے پام بیچ میں اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکی عوام نے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے اور وہ امریکا کو نئی بلندیوں پر لے جانے کا عزم رکھتے ہیں۔ انہوں نے اپنے حامیوں کا شکریہ ادا کیا اور وعدہ کیا کہ امریکا کو دوبارہ عظیم بنائیں گے۔ ٹرمپ نے کہا کہ وہ امریکا کو محفوظ، مضبوط اور خوشحال بنانے کے لیے پوری کوشش کریں گے۔
امریکا میں مختلف ٹائم زونز کی وجہ سے ریاستوں میں پولنگ کا اختتام مختلف اوقات پر ہوا۔ سب سے پہلے ریاست انڈیانا اور کینٹکی میں پولنگ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 4 بجے ختم ہوئی، جبکہ مشی گن، پنسلوینیا اور وسکونسن میں پاکستانی وقت کے مطابق صبح 7 سے 8 بجے پولنگ کا اختتام ہوا۔ آخر میں ریاست الاسکا میں پاکستانی وقت کے مطابق صبح 11 بجے پولنگ مکمل ہوئی۔
امریکی انتخابات کے اس عمل میں ووٹرز نے ایوان نمائندگان کے 435 ارکان اور سینیٹ کے 100 میں سے 34 ارکان کے علاوہ 11 گورنرز کا بھی انتخاب کیا۔