پولیس نے 4 ماہ سے مغوی شخص کو کچے سے برآمد کرلیا۔
کراچی، نارتھ ناظم آباد کے رہائشی کو اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل کی جانب سے 4 مہینے کے بعد شکارپور کے بیگاڑی کچے سے برآمد کرا لیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق مغوی کو اغواکاروں کی جانب سے وائس چینجر سے لڑکی کی آواز کے ذریعے شکار پور بلایا گیا اور اغوا کرکے کچے میں لے گئے۔
مغوی علی عباس کے اغوا کا مقدمہ 26 جولائی کو نارتھ ناظم آباد تھانے میں درج کیا گیا تھا۔
مغوی علی عباس کی فیملی سے 70 لاکھ روپے تاوان مانگا گیا تاہم پولیس کی جانب سے شکار پور کے بیگاڑی کچے سے مغوی کو بازیاب کرایا گیا۔
پولیس کے مطابق مغوی کو اس کی فیملی کے حوالے کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب مالاکنڈ، بٹ خیلہ میں راستے کے تنازعہ پر جھگڑے کی وجہ سے 5 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 2 افراد شدید زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق ہمسایوں کے مابین راستے کے معاملے پر جھگڑا گزشتہ 1 سال سے جاری تھا، ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔