اسلام آباد، وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پالیسی ریٹ میں کمی خوش آئند ہے، پالیسی ریٹ میں کمی کے باعث قرضوں میں کمی آئے گی۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کے دوران وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا کہ ہمارا پالیسی ریٹ 22 فیصد سے 15 فیصد پر آگیا ہے، پالیسی ریٹ کا 15 فیصد پر آنا خوش آئند پیشرفت ہے۔
پالیسی ریٹ میں کمی بزنس، صنعت اور دیگر شعبوں کیلئے بہت اچھی خبر ہے، پالیسی ریٹ کم ہونے سے قرضوں کے حجم میں کمی آئے گی، پاکستان میں معاشی استحکام کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مرکزی بینک کی جانب سے گزشتہ چند ماہ میں پالیسی ریٹ میں بتدریج کمی کی گئی، معاشی اشاریے مثبت سمت کی جانب گامزن ہیں، معیشت مستحکم بنیادوں پر آگے بڑھ رہی ہے، ایسے ہی بہتری آتی رہی تو معیشت اچھے طریقے سے آگے بڑھے گی، حتی الوسع کوشش ہے کہ عام آدمی کو ریلیف ملے اور روزگار بڑھے۔
شہباز شریف نے کہا کہ میں نے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا، محمد بن سلمان سے تفصیلی گفتگو ہوئی، سعودی ولی عہد کی جانب سے پاکستان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا، بزنس ٹو بزنس معاہدوں پر پیشرفت ہورہی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میرے دورہ سعودی عرب کے تناظر میں ہمارا وفد سعودی عرب گیا ہے، وفد کے دورے میں شمسی توانائی، ہنرمند افرادی قوت اور کان کنی کے شعبوں کے حوالے سے امور زیر غور آئیں گے، پاکستانی وفد آئی ٹی، معدنیات اور توانائی کے شعبے پر بات کرے گا۔