لاہور، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے آج بیرون ملک روانگی کے قوی امکانات ہیں۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز آج رات 3 بجے بیرون ملک روانہ ہوں گی، وزیراعلیٰ کا پہلے جنیوا جانے کا امکان ہے، نواز شریف کی بھی جنیوا روانگی متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق ن لیگی قائد میاں نواز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز جنیوا میں کچھ روز رکنے کے بعد پھر لندن روانہ ہونگے۔
واضح رہے کہ مریم نواز کافی ٹائم سے گلے میں انفیکشن کا شکار ہیں، وزیراعلیٰ کے گلے میں انفیکشن کی وجہ سے ڈاکٹرز کی ہدایت پر آپریشن کے امکانات بھی ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز لندن اپنے علاج کیلئے جارہی ہیں جہاں وہ اپنے ذاتی معالج سے علاج کروائیں گی۔
دوسری جانب سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ شہری آئندہ 3 دن بہت زیادہ احتیاط کریں، اسموگ کی شدت میں اضافہ انتہائی تشویشناک ہے، بزرگ، مریض اور بچے خصوصی احتیاط کریں، ماسک لازمی پہنیں، احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ موسمیاتی ماہرین کی مشاورت سے مصنوعی بارش کا آپشن استعمال کریں گے، مونجی یا فصل کی باقیات جلانا اس وقت جلتی پر تیل ڈالنے کے برابر ہوسکتا ہے، پوری قوت سے اسموگ پھیلانے والے ذرائع کو روکیں گے۔