اسلام آباد، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کی طرح آرمی چیف کی مدت ملازمت بھی 5 سال کی گئی ہے۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات چیت کے دوران وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت کے حوالے سے قانون سازی اچانک سے نہیں ہوئی، اس پر پیپلزپارٹی کو اعتماد میں لیا گیا، آرمی چیف کی مدت ملازمت 4 سال ہوتی تھی جو ضیاء الحق کے دور میں 3 سال کی گئی۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ہم نے بیرسٹر گوہر کو یہ موقع دیا کہ وہ پارلیمنٹ میں اس پر بات کرسکیں، مگر ان کے ساتھیوں نے بہت شور مچایا۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کی طرح آرمی چیف کی مدت ملازمت بھی 5 سال کی گئی ہے، یہ کسی فرد واحد کے لیے نہیں ہے اور نہ ہی یہ ایکسٹینشن ہے، اسے عہدے سے منسلک کیا گیا یعنی جو بھی عہدے پر ہوگا اس کی مدت 5 سال ہوگی۔
عطا تارڑ نے کہا کہ سپریم کورٹ میں 34 ججوں کی تعداد حتمی نہیں، بلکہ یہ زیادہ سے زیادہ تعداد ہے۔
دوسری جانب سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خیبر پختونخوا میں 2 الگ الگ کارروائیاں کرتے ہوئے 6 خوارج دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے شمالی وزیرستان کے علاقے دوسالی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، پاک فوج نے خوارج کے ٹھکانے کا مؤثر طریقے سے پتہ لگایا اور آپریشن میں ایک خارجی احمد شاہ عرف انتظار ہلاک ہو گیا۔