سیکیورٹی فورسز کی خیبر پختونخوا میں کارروائیوں کے نتیجے میں 6 خوارج ہلاک کردیے گئے۔
راولپنڈی، سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خیبر پختونخوا میں 2 الگ الگ کارروائیاں کرتے ہوئے 6 خوارج دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے شمالی وزیرستان کے علاقے دوسالی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، پاک فوج نے خوارج کے ٹھکانے کا مؤثر طریقے سے پتہ لگایا اور آپریشن میں ایک خارجی احمد شاہ عرف انتظار ہلاک ہو گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دوسرے آپریشن میں سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے خرمنگ میں پاک افغان سرحد پر خوارج کے گروہ کی نقل و حرکت دیکھی جس پر سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مؤثر طریقے سے خوارج کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا گیا، اس کارروائی میں 5 خوارج ہلاک، جبکہ 3 شدید زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان عبوری افغان حکومت سے بارہا کہتا رہا ہے کہ وہ مؤثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے، امید یہ کی جارہی ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق امید ہے کہ افغان حکومت خوارج کوملک کے خلاف افغان سرزمین کے استعمال سے انکار کرے گی، ملک کی سیکیورٹی فورسز سرحدوں کی حفاظت اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں۔