اسلام آباد پولیس کی جانب سے بینک ڈکیتیوں میں ملوث ملزم کو سرگودھا سے حراست میں لے لیا گیا۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق گفتگو کے دوران ڈی آئی جی اسلام آباد سید علی رضوی نے کہا کہ اسلام آباد کی سیکیورٹی ہماری ذمہ داری ہے، پچھلے دنوں اسلام آباد میں بینک ڈکیتی کی مختلف وارداتیں ہوئیں، الحمد اللہ ڈاکو کو گرفتار کرلیا ہے، مال مسروقہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ ملزمان کی گرفتاری میں سی ٹی ڈی اور سی آئی اے نے دن رات کام کیا، ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیکنالوجی اور جدید ذرائع زیر استعمال لائے جارہے ہیں۔
سید علی رضوی کا کہنا تھا کہ زیر حراست ملزم کا تعلق سرگودھا سے ہے اور اس کی عمرتقریباََ 24 سال ہے، یہ ڈاکو وفاقی دارالحکومت میں پچھلے 4 سال سے الیکٹریشن کا کام کرتا تھا اور اسلام آباد کی گلیوں سے واقف تھا، ملزم ان پڑھ اور نفسیاتی اور فلموں سے متاثر معلوم ہوتا ہے۔
دوسری جانب بنوں میں رات گئے مسلح حملہ آوروں کی جانب سے احمد زئی پولیس اسٹیشن اور مزنگہ پولیس چوکی پر حملہ کردیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پہلے حملے میں 1 پولیس اہلکار زخمی اور دوسرے حملے میں پولیس چوکی پر لگے کیمرے کو نقصان پہنچا۔