اسلام آباد، قائم مقام صدر اور چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے غیر متزلزل عزم ناگزیر ہے۔
اسلام آباد میں ایس ڈی پی آئی کے زیر اہتمام 27 ویں پائیدار ترقی کانفرنس سے خطاب کے دوران قائم مقام صدر اور چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے بہترین اقدامات کر رہا ہے۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی کا یہ چیلنج پائیدار ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن رہا ہے، موسمیاتی تبدیلی کے عالمی چیلنج سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششیں درکار ہیں۔
یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے پائیدار ترقیاتی اہداف کو قومی ترقی کے ایجنڈے سے ہم آہنگ کیا، پاکستان کی پارلیمنٹ ماحول دوست توانائی پر منتقل ہونے والی پہلی پارلیمنٹ ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نظم و نسق سمیت دیگر شعبوں میں مصنوعی ذہانت کی اہمیت بڑھ گئی، غذائی تحفظ کے لیے ٹھوس اقدامات ناگزیر ہیں، پائیدار ترقی کے عمل میں خواتین اہم شراکت دار ہیں۔