لندن، صدر مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف امریکا جانے کیلئے ایئرپورٹ روانہ ہو گئے۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کو الوداع کہنے کیلئے چند لیگی کارکنان بھی ایون فیلڈ پہنچے تھے، صدر ن لیگ امریکا میں تقریباً 1 ہفتہ گزار کر واپس لندن پہنچیں گے، آئندہ ہفتہ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف بھی انگلینڈ پہنچیں گی۔
ایئرپورٹ روانگی سے پہلے صحافی کے سوال ’میاں صاحب آپ وزیراعظم پاکستان کیوں نہیں بنے؟‘ پر نوازشریف نے جواب دیتے ہوئے یہ کہا کہ امریکہ جانے سے قبل یہ سوال پوچھنا ضروری ہے؟
اسی دوران صحافی نے ایک اور سوال کیا کہ حکومتی کارکردگی کو کیسے دیکھتے ہیں، نوازشریف نے جواب میں کہا کہ چند دن میں واپس آ کر بتاؤں گا۔
دوسری جانب حافظ آباد میں کسان کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ کسانوں کی زندگی میں بہتری لانے کے لیے دن رات کوششیں کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ مجھے ایسی پالیسی بنانا ہے جس سے کسانوں کو نقصان نہ ہو، کسان کارڈ کے ذریعے براہ راست کسانوں تک پہنچ رہے ہیں، کسان کارڈ کیلئے 12 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ تحریک انتشار کے دور میں اسٹاک ایکسچینج ڈوب رہی تھی مگر آج 90 ہزار پر ہے، آج نواز شریف کی حکومت کی وجہ سے معیشت ترقی کررہی ہے اور مہنگائی نیچے آئی۔