گجرات ( ) وزیر اعلیٰ پنجاب کے “کھیلتا پنجاب” ویژن کے تحت ضلعی انتظامیہ گجرات اور یونیورسٹی آف چناب کے اشتراک سے “چناب میراتھن 2025” کا شاندار انعقاد کیا گیا۔
تاریخی جی ٹی روڈ پر واقع کٹھالہ گراؤنڈ سے گلزار مدینہ چوک تک منعقد ہونے والی اس میراتھن میں ضلع بھر سے 2000 سے زائد نوجوانوں، طلبا و طالبات، کھلاڑیوں اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے میراتھن کا افتتاح کیا اور شرکاء کے جوش و جذبے کو سراہا، انہوں نے میراتھن کی اختتامی تقریب میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے محمد زین نمبر کو پچاس ہزار روپے کا چیک اور تعریفی اسناد بھی دیں۔
اس موقع پر کامیاب ہونے والے دیگر شرکاء میں بھی انعامات تقسیم کیے گئے۔ڈی سی صفدر حسین ورک نے کہا کہ چناب میراتھن نہ صرف ایک صحت مند سرگرمی ہے بلکہ اتحاد، نظم و ضبط اور مثبت سماجی سوچ کو فروغ دینے کا ایک زبردست ذریعہ ہے۔
یہ ایونٹ نوجوانوں میں صحت مند طرزِ زندگی اور باہمی تعاون کے رجحان کو تقویت دینے کی ایک مؤثر کوشش ہے۔ایونٹ کے کامیاب اور مربوط انتظامات کے لیے پنجاب پولیس، ٹریفک پولیس، ریوینیو ڈیپارٹمنٹ، ریسکیو 1122، محکمہ جنگلات، محکمہ کھیل، محکمہ اطلاعات اور دیگر متعلقہ محکموں نے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں بہترین انداز میں سر انجام دیں۔
اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین یونیورسٹی آف چناب نوید اکبر، اسسٹنٹ کمشنر گجرات بلال زبیر، ڈی ایس پی رضا اعوان، ڈی ایس او راحیل باجوہ، ڈی ایف او گجرات، چیف گیسٹ ایتھلیٹک فیڈریشن آف پاکستان کے بریگیڈیئر (ر) سلطان ساتی، ڈی ایچ اے انووستا سے بریگیڈیئر (ر) وقار عزیز، اور آر ایف او راشد چھٹہ سمیت مختلف اداروں کے نمائندگان اور شہری بڑی تعداد میں موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے اس شاندار ایونٹ کے انعقاد پر تمام اداروں، معاون محکموں، منتظمین اور شرکاء کو مبارکباد دی اور کہا کہ “گجرات کھیلتا پنجاب” کی روایت کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ نوجوان نسل کو صحت مند، مثبت اور متحرک معاشرہ فراہم کیا جا سکے۔