مظفرآباد، راولا کوٹ کے علاقے ڈھلکوٹ میں 2گروپوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں مقامی پولیس افسر جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق، پولیس چوکی ڈھلکوٹ کے انچارج اسسٹنٹ سب انسپکٹر عبدالرؤف کو اطلاع ملی کہ ڈھلکوٹ میں ایک پٹرول پمپ کی ملکیت کے حوالے سے دیرینہ تنازع پر دو گروپوں کے درمیان جھگڑا شروع ہو گیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی اسسٹنٹ سب انسپکٹر عبدالرؤف اپنی نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے۔
اسی دوران، پٹرول پمپ پر دونوں گروپوں کے درمیان شدید بحث و تکرار کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر عبدالرؤف گولیوں کا نشانہ بنے اور موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔ انہیں دو گولیاں لگیں، جو جان لیوا ثابت ہوئیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق، اسسٹنٹ سب انسپکٹر عبدالرؤف کی نماز جنازہ گزشتہ رات پولیس لائن راولا کوٹ میں ادا کی گئی، جبکہ آج ان کے آبائی گاؤں اکھوڑ بن ہجیرہ میں بھی نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔
بعد ازاں انہیں مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا جائے گا۔
وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر چودھری انوار الحق نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ قتل میں ملوث افراد کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔