لاکھوں روپے کا فراڈ کرنے والے ملزم نے زہر پی کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
کراچی،گورنمنٹ ویمن کالج ناظم آباد کی طالبات سے فیس کی مد میں لاکھوں روپے کا فراڈ کرنے والے ملزم نے زہر پی لیا۔
تفتیشی حکام کے مطابق ملزم کالج کا سپرنٹنڈنٹ تھا جس نے فیس کی مد میں طالبات سے 9 لاکھ روپے کا فراڈ کیا تھا۔
تفتیشی حکام کے مطابق فراڈ میں ملوث ملزم کی جانب سے زہر پی لیا گیا اور وہ تشویشناک حالت میں عباسی شہید اسپتال لایا گیا تھا، جس کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے اور اسے کل تک اسپتال سے ڈسچارج کردیا جائے گا۔
تفتیشی حکام کا بتانا ہے کہ کالج کی پرنسپل کی جانب سے مقدمہ درج کیا گیا تھا جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس ملزم تک پہنچی۔
تفتیشی حکام کا بتانا ہے کہ ملزم جوہرآباد میں رہائشی عمارت کی چوتھی منزل پر رہتا ہے، پولیس جب ملزم کو گرفتار کرنے پہنچی تو ملزم نے چوہے مار دوا پی لی۔
تفتیشی افسر کے مطابق ملزم کو حفاظتی تحویل میں لے لیا گیا ہے اور پولیس بھی تعینات کردی گئی ہے، ملزم کے اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد اس سے بیان بھی لیا جائے گا۔