ہمارے پڑوسی ملک میں حیرت انگیز واقعات جنم لینے لگے، جہاں لالچ اور ہوس نے انوکھے کارنامے تخلیق کر دیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ڈاکٹر کے ایس رانا، جو یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی جے پور، میواڑ یونیورسٹی راجستھان، اترکھنڈ یونیورسٹی الموڑا اور کوماں یونیورسٹی نینی تال جیسے معتبر تعلیمی اداروں کے وائس چانسلر رہ چکے ہیں، اگست 2024 میں ریٹائر ہونے کے بعد وی آئی پی پروٹوکول کے اتنے عادی ہو گئے کہ خود کو عمان کا ہائی کمشنر ظاہر کرنے لگے۔
انہوں نے اپنی لگژری گاڑی پر عمان کا جھنڈا اور دیگر نشانات لگا کر مختلف سرکاری و نجی تقریبات میں بطور "ہائی کمشنر” شرکت شروع کر دی۔
یہ فراڈ اس وقت بے نقاب ہوا جب ڈاکٹر رانا کے سیکریٹری نے ضلع غازی آباد کے ایک پولیس افسر کو خط لکھ کر ان کی آمد پر پروٹوکول دینے کی درخواست کی۔
پولیس افسر کو شبہ ہوا کہ عمان دولت مشترکہ کا رکن ہی نہیں، تو اس کا ہائی کمشنر کہاں سے آ گیا؟ مزید چھان بین کے دوران معمولی سی غلطی سے ڈاکٹر رانا کا راز فاش ہو گیا اور ان کی جعلسازی کا پول کھل گیا۔