کہتے ہیں پیار تو کسی بھی عمر میں ہوسکتا ہے اور ایسا ہی 100 سالہ برنی لیٹمین اور 102 سالہ مارجوری فٹرمین کے ساتھ ہوا۔
یہ دونوں ایک دوسرے سے ملنے سےپہلے بھی بہت اچھی زندگی گزار چکے تھے، مگر جب وہ دونوں اپنے اپنے شریک حیات سے محروم ہوئے تو انہیں توقع نہیں تھی کہ وہ دوبارہ کسی سے محبت کرسکیں گے۔
امریکی شہر فلاڈلفیا سے تعلق رکھنے والے اس جوڑے کو اس عمر میں جاکر محبت ہوئی جب اکثر افراد قبر میں پہنچ جاتے ہیں۔
ان دونوں نے 9 سال کے رومانوی تعلق کے بعد شادی کی اور دنیا میں شادی کرنیوالے سب سے معمر جوڑے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
2024 میں ہونے والی شادی کے وقت دونوں کی مجموعی عمر 202 سال 271 دن تھی اور اب گنیز ورلڈ ریکارڈز میں ان کے اس ریکارڈ کا اندراج کیا گیا ہے۔
ان دونوں کی محبت کی داستان فلاڈلفیا کے ایک بزرگوں کی رہائش کے لیے قائم ایک مرکز میں ہوئی جہاں یہ دونوں مقیم تھے۔
دونوں کی ملاقات 9 سال پہلے اس مرکز میں ہونے والی ایک کاسٹیوم پارٹی کے دوران ہوئی اور وہ ایک دوسرے کو پسند کرنے لگے۔
حیران کن بات یہ ہے کہ جوانی میں وہ دونوں Pennsylvania یونیورسٹی میں ایک ساتھ پڑھتے رہے مگر اس وقت ان کی کبھی ملاقات نہیں ہوئی۔
دونوں 19 مئی کو اسی مرکز میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
جب دونوں کی شادی کا اعلان ہوا تو برنی لیٹمین کی پڑپوتی Sarah Sicherman کا کہنا ہے کہ اس وقت جب دنیا میں بہت زیادہ اداسی اور خوف پھیلا ہوا ہے، ایسا کچھ شیئر کرنا بہترین ہے جس سے لوگوں کو خوشی ہو۔
پڑپوتی کا کہنا تھا کہ آج میرے 100 سالہ دادا اپنی 102 سالہ گرل فرینڈ سے شادی کر رہے ہیں، یہ دونوں ایک کیئر ہوم میں ایک ہی منزل میں مقیم ہیں اور دونوں کی پہلی شادی 6 دہائیوں تک برقرار رہی، اب 100 سال کی عمر میں وہ ایک بار پھر محبت کو پانے میں کامیاب ہوگئے ہیں ۔
ان دونوں کی شادی یہودی روایات کے مطابق اسی مرکز میں ہوئی اور دونوں اپنے پیاروں سامنے ایک دوسرے کے شریک حیات بنے۔
وہ دونوں اس تقریب میں وہیل چیئر پر سوار ہوکر آئے اورنئی زندگی کا آغاز کیا ۔